ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلاری میں کانکنی سے مندر تباہی کے دہانے پر

بلاری میں کانکنی سے مندر تباہی کے دہانے پر

Tue, 11 Oct 2016 01:30:38    S.O. News Service

بنگلورو۔10/اکتوبر(ایس او نیوز) کانکنی کے چنگل سے آزادی کے بعد بلاری میں دوبارہ سی زمرے کی کانکنی کیلئے آن لائن نیلامی سے دوبارہ کانکنی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ جس سے سندور تعلقہ میں کمار سوامی اور پاورتی منادر منہدم ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔ جندال کمپنی سے تعلق رکھنے والے ہوتور ٹریڈرس اور ہوسپیٹ کے بائلڈوٹا کی این ایس پی این کمپنی سمیت سات کمپنیوں نے آن لائن نیلامی میں کانکنی کی اجازت حاصل کی ہے۔مستقبل میں ان کمپنیوں کے ذریعہ ہونے والی کانکنی سے بادامی کے چالوکیہ دور حکومت میں تعمیر دونوں مندروں کے منہدم ہونے کا خدشہ لاحق ہے، جس کے پیش نظر مقامی احباب نے مندروں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج بھی کیاہے۔ بتایاجاتاہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق تاریخی مقامات اور عبادت گاہوں سے قریب کانکنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،بلکہ محدود کانکنی کی اجازت ہے۔ ریاستی حکومت کے ذریعہ سی زمرے کے کانکنی علاقہ کی نیلامی کے موقع پر سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جب ہوسپیٹ سے قریب تاریخی جمبو ناتھ مندر کو نقصان ہونے والاتھا، تب ایک وکیل نے سپریم کورٹ میں مفادات عامہ کی عرضی داخل کی تھی،جس پر عدالت نے مندر سے ایک کلومیٹر کے دائرہ میں کانکنی نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ اسی طرح کانکنی سے تباہی کے دہانے پر پہنچنے والی تاریخی عمارتوں کا جائزہ لینے اور ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے نو ماہ کی مہلت اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی،مگر اب تک اس خصوص میں سپریم کورٹ کو رپورٹ پیش نہیں کی گئی ہے۔ اس کے برعکس موٹی رقم حاصل کرتے ہوئے کانکنی علاقہ کی نیلامی عمل میں آئی ہے۔
 


Share: